لکھنؤ، 14/دسمبر(ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا ) کانگریس نائب صدر راہل گاندھی اتر پردیش اسمبلی انتخابات کی تیز ہوتی ہلچل کے درمیان اگلے ہفتے جونپور اور بہرائچ میں عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے۔اترپردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر ستیہ دیو ترپاٹھی نے آج یہاں بتایا کہ نوٹ بندی کے خلاف ان کی پارٹی ایک بڑی مہم چلائے گی۔اسی سلسلے میں راہل آئندہ 19دسمبر کو جونپور میں اور 22دسمبر کو بہرائچ میں بڑے عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے۔راہل کی جونپور میں ہونے والی ریلی کی تیاریوں کے لیے پارٹی عہدیداروں کی میٹنگ ہوئی۔اجلاس میں کہا گیا کہ ریاست کا نوجوان گزشتہ 27سالوں کے دوران غیر کانگریسی حکومتوں کی پالیسیوں سے پریشان ہے اور موجودہ مرکزی حکومت کی طرف سے نوٹ بندی کی وجہ سے عوام میں مبتلا ہے،تمام نوجوان کانگریسی کارکنان سے اپیل ہے کہ آئندہ 19دسمبر کو راہل کی جونپور میں ہونے والی ریلی کو کامیاب بنائیں۔